Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کی رات ’سرپرائز‘، شوہر نے دلہن کو گولی مار دی

عدالت نے شوہر کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں شادی کی پہلی رات دلہن کو گولی مارکر زخمی کرنے والے شوہر کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق مقامی شہری نےاپنی دلہن سے کہا کہ’ وہ اسے سرپرائز دینا چاہتا ہے۔ اپنی آنکھیں بند کرلے۔ دلہن نے آنکھیں بند کیں تو اچانک اس کی گردن پر گولی ماردی جو گردن کے آر پار ہوگئی۔ کافی دیر تک زخم سے خون بہتا رہا‘۔
دلہن نے بتایا کہا کہ ’مجھے اپنے شوہر کی نیت پر ذرہ برابر شک نہیں ہوا کیونکہ اس نے  بیڈ روم کو شمعوں سے روشن کر رکھا تھا‘۔  
’گولی مارنے کے بعد شوہر مجھے ہسپتال لے گیا اس دوران اس نے دھمکی دی کہ یہ بیان دوں کہ گولی غلطی سے چل گئی تھی اور اگر حقیقت بیان کی تو تیزاب ڈال کر جلا دوں گا‘۔
تاہم ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو کردی۔ فوجداری تحقیقات سے ثابت ہو گیا کہ گولی قریب سے چلائی گئی تھی اور اتفاقیہ یہ واقعہ پیش نہں آیا۔ 
پولیس نے فائرنگ کے الزام میں شوہر کو گرفتار کر لیا ۔ الزام ثابت ہونے پر عدالت نے سلطان حق کے تحت اسے چھ ماہ کی سزا سنائی ہے۔
اخبار کے مطابق عائلی امور کی عدالت نے نکاح فسخ کر دیا۔ اگر آئندہ یہ خاتون اپنے سابقہ شوہر سے شادی کرنا چاہے گی تو نیا نکاح ہو گا۔ 
دریں اثنا انسانی حقوق کی تنظيموں اور سماجی حقوق کے اداروں نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی حقوق کے اداروں نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

قانونی مشیر منال الحارثی نے کہا کہ متاثرہ خاتون کو عدالت سے رجوع کرکے خود کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ طلب کرنا چاہئے۔  
منال الحارثی کا کہنا ہے کہ عدالت نے چھ ماہ قید کا جو فیصلہ کیا ہے اس کا تعلق سلطانی حق (سرکاری نظام) کی خلاف ورزی پر سرکاری ایکشن سے ہے جہاں تک نجی حق کا تعلق ہے تو اس حوالے سے عدالت سے رجوع کیا گیا اور نہ ہی عدالت نے اپنے طور پر اس کا کوئی نوٹس لیا ہے۔ 
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون کی میڈیکل رپورٹس اسے نجی حق دلانے کے لیے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔

شیئر: