Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد اہم ہے:سعودی وزیر خارجہ

فورم میں شامل ممالک کے ساتھ تعاون کی نئی منزلیں طےکرنا چاہتے ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی- 
سعودی وزیر خارجہ جمعرات کو ایتھنز میں یونان، قبرص، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے-
العربیہ نیٹ کے مطابق فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب کورونا وبا سے نمٹنے اور امن و استحکام و ترقیاتی کوششوں کا ساتھ دیتا رہا ہے اور دیتا رہے گا- سعودی عرب دیگر ممالک کے امور میں ہر مداخلت کی مذمت کرتا ہے-
فیصل بن فرحان نے ایتھنز میں ویلیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی راہداریوں میں جہاز رانی کی آزادی اور ریاستی خودمختاری کا احترام کیا جائے-
وزیر خارجہ نے  زور دے کر کہا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ہر ملک کے  اتحاد و سالمیت اور خودمختاری کا احترام ضروری ہے- انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کا عالمی زاویہ نظر خوشحالی اور سلامتی کا ہے-
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرقی  بحروسطیٰ کے ممالک کا اجلاس بامقصد اور مفید رہا-
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ فورم میں شریک ممالک کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کی نئی منزلیں طے کرنا چاہتے ہیں-
فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب تناؤ و گرما گرمی کم کرنے اور گفت و شنید کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی ہر کوشش کا ساتھ دے گا-
فیصل بن فرحان نے کہا کہ آج کے اجلاس میں بین الاقوامی قوانین و روایات کے مطابق ملکی خودمختاری اور امن و استحکام کے  امور پر تبادلہ خیال کیا گیا-
مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا کہ ان کا ملک تمام کشمکشوں کے پرامن حل تک رسائی کا علمبردار رہا ہے آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا- مصر نے استحکام کی خاطر قبرص اور یونان کے ساتھ  تعلقات ہمیشہ مستحکم کیے- آئندہ بھی اسی پالیسی پر گامزن رہے گا-
مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے سامنے کئی سیاسی اور اقتصادی چیلنج ہیں- ان کا تقاضا ہےکہ سب ایک دوسرے سے تعاون کریں- ہر علاقہ مشکلات سے دوچار ہے-
مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم تعاون پر مبنی متوازن تعلقات کے لیے کوشاں ہیں- استحکام چاہتے ہیں فوجی مداخلت سے دور رہے ہیں اور رہنا چاہتے ہیں- خطے میں استحکام کے لیے جامع تعاون کی پالیسی پر گامزن ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: