Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ، دو طرفہ تعاون پر گفتگو

شاہ محمود نے قطر اور خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،جی سی سی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لئے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے قطر اور خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا۔ 

 

پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو کورونا وبا کے باوجود جی سی سی سمٹ 2021 کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔ 
 وزیر خارجہ نے جی سی سی کی ممبر خلیجی ریاستوں کی جانب سے باہمی دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے آمادگی اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے اسے خلیجی خطے میں امن و استحکام کیلئے نیک شگون قرار دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی۔ 
وزیر خارجہ نے نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف قراردادوں پر سعودی عرب کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ 
دونوں وزرائے خارجہ کا اہم علاقائی و عالمی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کو بھی فون کیا اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ 
خیال رہے گذشتہ ہفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان جنوری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
دوسری جانب جمعرات کو دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران جب ترجمان سے سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کت برادارنہ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں بہت گہری ہیں اور یہ تعلقات دوطرفہ اعتماد پر قائم ہے۔
’دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دورے ان تعلقات کا خاصہ رہا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے کسی بھی پیش رفت کے بارے میں میں میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔‘

وزیراعظم عمران خان گزشتہ دو سالوں کے دوران پانچ مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیر خارجہ کے ساتھ سعودی عرب سے توانائی کے شعبے کا اعلیٰ سطح کے وفد کی بھی اسلام آباد آمد  متوقع ہے جو تیل، گیس اور دوسرے سیکٹر میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان گزشتہ دو سالوں کے دوران پانچ مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں۔  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

بحرین کے وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی کے رابطہ

دوسری جانب بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف الزیانی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، خلیجی ممالک کے مابین دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔  
وزیر خارجہ نے خلیجی ریاستوں کی جانب سے دیرینہ باہمی تنازعات کے حل کے لیے مثبت سوچ کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کیلئے حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔
ان کے مطابق ’ 5 جنوری 2021 کو العلاء سعودی عرب میں ہونیوالی جی سی سی سمٹ کے کامیاب انعقاد سے جی سی سی ممبر ممالک کے مابین اعتماد کی فضا بحال ہو گی اور خلیجی ریاستوں کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔‘

شیئر: