Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک ، چائنہ راہداری میں سعودی عرب دلچسپی لے رہا ہے، طارق فاطمی

ریاض (ذکاءاللہ محسن)  پاک چائینہ راہداری میں سعودی عرب بھی دلچسپی لے رہا ہے۔سعودی عرب اور چائنہ کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات سے پاکستان پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سے آئے ہوئے مشیر خارجہ طارق فاطمی نے کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب آمد کے ساتھ ہی سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں صحافیوں سےملاقات کی ۔اس موقعہ پر ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے پاکستان اور سعودی عرب ملکر کام کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ دونوں ملک ملکر دہشت گردی کے ناسور سے نپٹنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کر رہے ہیں۔ پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔اس وقت گورنمنٹ انرجی، گوادر پورٹ اور اکنامک زون کی جانب بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے۔ہندوستان کے ساتھ بھی ہم برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔ کشمیری عوام کے حقوق کے لئے پاکستان ہمیشہ ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ اور دیگر اہم فورم پر بھی آواز اٹھائی گئی ہے۔ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے مگر اس کی زمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ افغانستان کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ پوری دنیا میں ضرب عضب اور ردالفساد آپریشن کو سراہا جا رہا ہے کیونکہ اس طرح کے آپریشن کہیں بھی کرنا نا ممکن تھا۔اس میں ہمارے فوجی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا ہے۔ 2018 تک ملک کے اندر لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ بنا دیا جاے گا۔ اس دوران 10ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل کر لی جائے گی۔ پاکستانی گورنمنٹ اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے پاور سیکٹر میں تھرمل، ونڈ، سولر، گیس ، ای این اور کوائل کا استعمال کرکے پاور ہاوس بنا رہی ہے۔ 2022 تک ہمارے پاس 20 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی۔طارق فاطمی دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکومت کے اہم ارکان سے ملاقات کے علاوہ ڈپلومٹک انسٹیٹیوٹ میں لیکچر بھی دیں گے ۔ عمرہ کی ادائیگی کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔ اس سے قبل مشیر خارجہ طارق فاطمی کا قائم مقام سفیر حسن وزیر اور دیگر سفارتی افسران نے استقبال کیا ۔
 

ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مزید خبروں کے لئے ٹیگز پر کلک کریں

 
 

شیئر: