Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر سے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات

آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے الوداعی ملاقات کی۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق بدھ کو ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر عارف علوی نے ملکی سلامتی کے لیے بطور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کو سراہا۔
صدر مملکت نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے کور کمانڈر پشاور تعینات ہونے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ تعینات کیا ہے۔
وزیراعظم آفس نے 26 اکتوبر کو لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرر کا نوٹی فیکیشن جاری کیا جس کا اطلاق 20 نومبر سے ہوگا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والی نوٹی فیکیشن کے مطابق موجودہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021 تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
خیال رہے کہ 6 اکتوبر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا تھا۔
تاہم وزیراعظم آفس کی جانب سے ان کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا اس لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قیاس آرائیاں پھیل گئیں اور حکومت کو اس معاملے کی وضاحت کرنا پڑی تھی۔

 آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم 20 نومبر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)

وزیراعظم آفس کے مطابق 26 اکتوبر بروز منگل وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔
’ملاقات دونوں کے درمیان باہمی مشاورت کا حصہ تھی جس میں آئی ایس آئی میں کمان کی تبدیلی کی تاریخ اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر بات چیت ہوئی۔‘
وزیراعظم آفس کے مطابق ’اس عمل کے دوران وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم آفس کو افسران کی ایک فہرست موصول ہوئی۔‘
’وزیراعظم نے نامزد تمام افسران کا انٹرویو کیا جس کے بعد منگل کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان مشاورت کا حتمی مرحلہ ہوا۔‘
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ ’اس ملاقات کے بعد ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کا نوٹی فیکیشن جاری کردیاگیا۔‘

شیئر: