Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کابل پہنچ گئے

آئی ایس آئی کے سربراہ سابق افغان حکومت کے دور میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ بھی کابل کا دورہ کرچکے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے حساس ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کابل پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیچر کو آئی ایس آئی کے سربراہ ایک وفد کے ہمراہ کابل پہنچے ہیں۔
کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد آئی ایس آئی کے سربراہ کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے۔ 
کابل میں موجود پاکستان کے سینیئر صحافی طاہر خان نے ٹویٹ میں بتایا کہ آئی ایس آئی کے سربراہ نے افغانستان پہنچنے پر کہا کہ وہ پاکستان کے سفیر منصور احمد خان سے بریفنگ لینے آئے ہیں۔
ان کے مطابق جنرل فیض حمید نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ طالبان کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
طاہر خان کے مطابق کابل کے ایک ہوٹل میں پہنچنے پر پاکستان کے ڈی جی آئی ایس آئی کا سامنا میڈیا سے ہوا جہاں جنرل فیض حمید نے کہا کہ ’ہم نے افغانستان میں امن کے لیے کام کیا اور مستقبل میں بھی ایسا کریں گے۔‘
آئی ایس آئی کے سربراہ نے کہا کہ ’پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔‘

شیئر: