Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا میں کروڑوں روپے کی ہیروئین سمگل کرتے ہوئے پانچ پاکستانی گرفتار

جہاز میں 250 کلوگرام ہیروئین تھی جس کی مالیت کا اندازہ 12 لاکھ ڈالرز لگایا گیا ہے (فائل فوٹو اے ایف پی)
سری لنکا کے حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے بدھ کو پانچ پاکستانی اور ایک ایرانی شہری کو گرفتار کیا ہے جو سینکڑوں کلوگرام ہیروئین سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تاہم پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ صرف ایک پاکستانی پکڑا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سری لنکن نیوی نے مغربی ساحل سے 900 سمندری میل دور مچھلیوں کا شکار کرنے والے ایک جہاز کو روکا جس میں غیرملکی سوار تھے۔
اس جہاز میں 250 کلوگرام ہیروئین تھی جس کی مالیت کا اندازہ 12 لاکھ ڈالرز (21 کروڑ پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔ سری لنکن نیوی جہاز کو اپنی تحویل میں ساحل پر لائی اور مشتبہ سمگلرز کو پولیس کے حوالے کیا۔
نیوی کے ترجمان کیپٹن اندیکا ڈی سلوا نے کہا کہ ’مشتبہ افراد میں پانچ پاکستانی اور ایک ایرانی ہے اور ہم نے انہیں آج پولیس نارکوٹکس بیورو کے حوالے کیا ہے۔‘
کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ ’ہوسکتا ہے شہریت کو گڈ مڈ کر دیا گیا ہو۔ ایک پاکستانی اور پانچ ایرانی ہو سکتے ہیں۔ عرب نیوز پاکستان اس حوالے سے تصدیق نہیں کرسکا۔
پاکستانی افسر کا کہنا تھا کہ ’ان کی سرحد ایک ہے اور عام طور پر لوگ فارسی بولتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ مقامی حکام نے ان کی شہریت کو مکس کردیا ہو۔‘
کولمبو میں ایرانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ’انہیں اس معاملے کی کوئی خبر نہیں ہے۔‘

شیئر: