Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی سرحد کے قریب پاکستانی چوکی پر حملہ، ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ ابدوئی سیکٹر میں ایک چوکی پر کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں پاکستان ایران سرحد کے قریب ابدوئی سیکٹر میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا ہے، جس میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔
منگل کی صبح جاری ہونے والی آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں لانس نائیک ظہیر احمد ہلاک ہو گئے، ان کا تعلق نوشکی سے تھا۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ چوکی پر موجود اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے فرار ہوتے دہشت گردوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔
پریس ریلیز کے مطابق ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز بلوچستان میں بدامنی پھیلانے، عدم استحکام کا سبب بننے والے اور ترقی کے خلاف سرگرم عناصر کی ایسی کارروائیوں کو روکنے اور شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

شیئر: