Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ڈرون اُڑانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر ہزاروں ڈالر جرمانہ ہوگا

وہ ادارے جو اپنے تجارتی منصوبوں کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں انہیں لائسنس حاصل کرنے کے لیے اپنے منصوبوں اور طریقہ کار کی وضاحت دینا ہوگی (فائل فوٹو: شٹر سٹاک)
متحدہ عرب امارات میں حال میں ڈرون اڑانے پر لگنے والی پابندی کی خلاف ورزی پر 27 ہزار 225 ڈالر سے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو اامارات کے پبلک پراسیکیویشن نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کے علاوہ چھ ماہ سے پانچ سال تک کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔
اماراتی وزارت داخلہ نے سنیچر کو ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ اس نے ڈرونز کے مالکان اور شوقین افراد کے لیے تمام فلائنگ آپریشنز روک دیے ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ مل کر کیے گئے اس فیصلے کا مقصد لوگوں کی جان و مال کو برے عمل سے بچانا ہے۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حال ہی میں غلط استعمال کے بعد کیا گیا، کیونکہ ڈرون اڑانے والے صرف انہی علاقوں تک محدود نہ تھے جو ان کے اجازت ناموں میں درج ہیں بلکہ ایسے علاقوں میں بھی گئے جہاں ایسی سرگرمیاں ممنوع ہیں۔
اماراتی وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ ایسے ادارے جو تجارتی اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں، ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری ادارے سے رجوع کر کے باقاعدہ لائسنس حاصل کریں۔
وہ ادارے جو اپنے تجارتی منصوبوں کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں انہیں لائسنس حاصل کرنے کے لیے اپنے منصوبوں اور طریقہ کار کی وضاحت دینا ہوگی، جس کے بعد انہیں متعلقہ ادارے کی جانب سے ڈرون اڑانے کا لائسنس جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بغیر لائسنس کے ڈرون اڑانے پر 22 جنوری سے ایک ماہ تک کے لیے پابندی عائد کررکھی ہے۔

شیئر: