Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیر قانونی طور پر  مقیم غیرملکیوں کے قیام کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا‘ 

کچی آبادیوں کو منفی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے گا(فوٹو سبق)
مکہ مکرمہ میں کچی بستیوں کے اصلاحی پروگرام کے ترجمان ڈاکٹر امجد مغربی نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے قیام کو قانون کے دائرے میں لایا اور انہیں پیداواری عمل اور اقتصادی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا‘۔  
الوطن اخبار کے مطابق ڈاکٹر امجد مغربی نے کہا کہ’ اصلاحی پروگرام کے تحت کچی آبادیوں کو منفی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے گا اور وہاں کے حالات بہتر بنائے جائیں گے‘۔ 
’مکہ مکرمہ میں گھنی اور کچی آبادی والے بڑے محلے قوز النکاسہ کوعصری سہولتوں سے آراستہ جدید  رہائشی علاقے میں تبدیل کیا جائے گا۔ یہاں خوبصورت اور وسیع و عریض عوامی پارک ہوں گے۔ جدید سہولتوں سے آراستہ مساجد، کشادہ سڑکیں، بجلی، پانی، ٹیلیفون جیسی جملہ سہولتیں میسر ہوں گی‘۔
 پروجیکٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ’قوز النکاسہ سمیت تمام کچی بستیوں کو منہدم کرکے جدید طرز پر آباد کرنے کا فیصلہ معاشرے کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ اس کا مقصد معاشرے اور اس کے سیکیورٹی و صحت و تعلیمی اداروں کو اپنا کردار بہتر شکل میں انجام دینے کے مواقع فراہم کرنا ہے‘۔ 
واضح رہے کہ النکاسہ محلہ مسجد الحرام سے پندرہ سو میٹر کے فاصلے پر 681.156 مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں انہدام کی نئی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
 وزارتی کمیٹی نے النکاسہ میں صحت اداروں، اقتصادی و سماجی اداروں پر مشتمل جامع حکمت عملی کی منظوری دی ہے۔

شیئر: