Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی،شعیب ملک کی سنچری

گیانا...پاکستان نے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ شعیب ملک نے شاندار سنچری بنائی۔ انہیں مین آف دی میچ کے ساتھ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے گرین شرٹس نے شعیب ملک کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں کا آغاز مایوس کن رہا۔صرف 36 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 3، بابراعظم 16 اور کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔چوتھی وکٹ کے لئے محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 113 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد حفیظ نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 86 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔شعیب ملک 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کپتان سرفراز احمد بھی 24 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان نے ہدف 43.1 اوور میں حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبریل نے 2، جیسن ہولڈر اور ویراسیمی پرمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز ایون لیوز16 اور والٹن 19رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کیرن پاول 23 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے۔ چوتھی وکٹ پر جیسن محمد اور شائی ہوپ نے 101 رنز کی شرکت قائم کی۔مجموعی اسکور 169 تک پہنچا تو جیسن محمد 59 رنز بنا کر جنید خان کا شکار بن گئے۔ہوپ 71، جوناتھن کارٹر11، کپتان جیسن ہولڈر 12، ورسیمی پرمال 8 اور دیوندرا بشو بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، جنید خان اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

 

شیئر: