Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان سے متاثر ہو کر اداکارہ جھانوی کپور سے عالی شان گھر خریدا: راج کمار راؤ

راجکمار راؤ اور اُن کی اہلیہ پترالیکھا نے جہانوی کپور سے گھر 2022 میں 44 کروڑ روپے میں خریدا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے اداکار راج کمار راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شاہ رخ خان سے متاثر ہو کر اداکارہ جھانوی کپور سے عالی شان گھر خریدا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق راج کمار راؤ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ کیسے شاہ رخ خان نے انہیں عالی شان گھر خریدنے کے لیے مشورہ دے کر متاثر کیا۔
راج کمار راؤ نے جھانوی کپور سے 44 کروڑ انڈین روپے میں گھر خریدا۔
یہ گھر جھانوی کپور نے دسمبر 2020 میں 39 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔
اپنے نئے گھر کے بارے میں بات کرتے ہوئے راج کمار راؤ نے کہا کہ ’شاہ رخ نے مجھے ایک بات سکھائی کہ بیٹا کبھی بھی گھر لے گا نہ، تو حیثیت سے تھوڑا زیادہ خریدنا کیونکہ پھر تم خود بھی زیادہ محنت کرو گے۔ مجھے اس بات نے بے حد متاثر کیا۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ ’اس شہر (ممبئی) میں اپنا گھر ہونا ایک خواب ہے اور میں نے اور پترالیکھا (اہلیہ) نے بہت پیار سے اس گھر کو بنایا ہے۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق راجکمار راؤ اور اُن کی اہلیہ پترالیکھا نے جھانوی کپور سے گھر 2022 میں 44 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔
خیال رہے کہ راجکمار راؤ کی نئی فلم ’سری‘ 10 مئی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس فلم میں راجکمار راؤ بینائی سے محروم مشہور کاروباری شخصیت سری کانتھ بولا کا کردار نبھا رہے ہیں اور یہ فلم ان ہی کی بائیوگرافی ہے۔
فلم ’سری‘  کی مرکزی کاسٹ میں راجکمار راؤ کے علاوہ الایا ایف، جیوتیکا اور شرد کیلکر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ راجکمار راؤ اپنے مداحوں کو ہارر کامیڈی فلم ’سِتری ٹو‘ اور ’وِکی وِدیا کا وہ والا ویڈیو‘ میں بھی نظر آئیں گے۔

شیئر: