Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شان کو سالگرہ پر مبارکباد، ’شعیب اختر کو شان بھی عمران خان سے زیادہ پسند‘

کچھ دن پہلے شان نے شعیب سے شکوہ کیا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو جنم دن کی مبارکباد نہیں دی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار شان شاہد آج اپنا 51 واں جنم دن منا رہے ہیں اور ان کے لیے اس سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں میں سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر بھی شامل ہیں۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شعیب اختر نے ایک ٹویٹ میں شان شاہد کو ٹیگ کرکے لکھا ’ہیپی برتھ ڈے۔‘ جس کا جواب شان نے ’شکریہ‘ کی صورت میں دیا۔
شعیب اختر کا شان شاہد کی سالگرہ پر مبارکباد دینا اہمیت اس لیے اختیار کر گیا کیونکہ چار دن قبل انڈین کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی سالگرہ پر بھی شعیب اختر نے انہیں برتھ ڈے وش کیا تھا۔
شان شاہد کو شاید شعیب اختر کا سچن ٹنڈولکر کی سالگرہ پر انہیں مبارکباد دینا پسند نہیں آیا۔ انہوں نے اس ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا ’واہ بھائی ان (سچن ٹنڈولکر) کی تو یاد ہے۔ عمران خان کی پانچ اکتوبر کو برتھ ڈے تھی 2021 میں، ایک بھی میسج نہیں آپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر۔‘
شان شاہد کے شکوے پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
مصطفیٰ چوہدری نے شان شاہد سے پوچھا ’بھائی، کیا یہ آئی سی سی کی کتاب میں لکھا ہے کہ خان صاحب کی سالگرہ پر مبارکباد دینا لازمی ہے۔‘

شعیب اختر کی شان شاہد کو سالگرہ کی مبارکباد کو ٹوئٹر صارفین انجوائے کررہے ہیں اور ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسے سابق فاسٹ بولر نے شان کو ٹرول کرنے کی کوشش کی ہو۔
عمیر وحید شیخ نامی صارف نے دیگر لوگوں کو یاد دلایا کہ شعیب اختر نے شان کو برتھ ڈے وش کردی لیکن سابق وزیر اعظم عمران کو بھول گئے۔

انہوں نے لکھا ’شان جیسا بندہ بھی عمران خان سے زیادہ پسند ہے شعیب بھائی؟‘

شیئر: