Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اندرون مملکت سےعمرہ پرپابندی کا نفاذ

داخلی عمرہ پرپابندی 20 ذوالحجہ تک جاری رہے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
حج سیزن کی وجہ سے سعودی شہریوں اورمملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ پرعارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی کا نفاذ جمعہ 24 جون سے کیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اندرون مملکت سے عمرہ پرآنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کی سہولت کے لیے داخلی عمرہ عارضی طورپربند کردیا گیا ہے۔
وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا ہے کہ ان دنوں صرف بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو ہی عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
داخلی عمرہ 20 ذوالحجہ سے کھولا جائے گا ۔ عارضی پابندی کا مقصد زیادہ سے زیادہ تعداد میں بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو عمرہ ادا کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی ازدحام کے عمرہ ادا کرسکیں۔
واضح رہے کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 2 برس سے بیرون مملکت سے عازمین حج کی آمد پرپابندی عائد تھی ۔ امسال کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونےکے بعد مجموعی طورپر 10 لاکھ عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے جن میں 8 لاکھ 50 ہزار بیرونی عازمین حج ہوں گے۔
24 جون سے عائد کی جانے والی پابندی سے قبل توکلنا اور اعتمرنا ایپ پرعمرہ پرمٹ جاری کیے جارہے تھے تاہم پابندی عائد کیے جانے کے بعد عمرہ پرمٹ کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔

حج پرمٹ کے بغیر مکہ داخل نہیں ہوسکتے(فوٹو، ٹوئٹر)

حج پرمٹ کے بغیر کوئی شخص مکہ مکرمہ نہیں جاسکتا۔ روزگار کے سلسلے میں مکہ مکرمہ جانے والے افراد جن میں سعودی بھی شامل ہیں خصوصی پرمٹ کے بغیر نہیں جاسکتے۔
خیال رہے ہربرس حج سیزن کے دوران عام افراد کے مکہ داخلے پرپابندی عائد کی جاتی ہے جس کا مقصد مکہ میں غیر ضروری ازدحام کو ختم کرنا اور زیادہ سے زیادہ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

شیئر: