Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے آج وہ اسے کاٹ رہے ہیں: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے۔‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’آج عمران خان اس لیے گھبرائے ہوئے تھے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے سوشل میڈیا کے ٹرولز کے ذریعے شہدا کے خلاف مہم چلائی، جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے آج وہ اسے کاٹ رہے ہیں۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’آج ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا۔ عمران خان نے آج بار بار کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان  نے شروع کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے۔‘
مریم اورنگزیب کے بقول ’عمران خان نے ان شہداء کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کیے۔ جب ٹرولرز پکڑے گئے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے کہنے پر یہ مہم چلائی۔ عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، انتشار، غنڈہ گردی اور فساد پر مبنی ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’آج عمران خان اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں جو تین مرتبہ منتخب وزیراعظم تھے، ان کے سینے میں بھی راز تھے اور انہوں نے ملک کی خاطر خاموشی اختیار کی۔ نواز شریف نے اس وقت کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، آج بھی ہمارا یہی موقف ہے۔‘
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ ادارہ سیاست میں مداخلت کرے، عمران خان کہتے ہیں کہ اگر ادارہ ان کی کرسی نہ بچائے تو وہ جانور ہے۔‘
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گِل کے متنازع بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کے چیف آف سٹاف نے جو بیان دیا، وہ ان (عمران خان) کی ہدایت پر دیا۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’عمران خان نے ان شہداء کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کیے‘ (فوٹو: سکرین گریب)

مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ عمران خان کی ذہنیت ہے، وہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی۔ عمران خان کو معیشت تباہ کرنے، ملک کی اکائیوں کو توڑنے، ملک کے نوجوانوں کو بے روزگار کرنے پر اقتدار سے الگ کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب انہیں (عمران خان کو) اقتدار سے الگ کیا تو انہوں نے کہا کہ رجیم چینج ہے، آٹھ مارچ کا مراسلہ انہوں نے 28 مارچ کو اس وقت نکالا جب انہیں پتا چلا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی ہے۔‘
فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے 351 فارن کمپنیوں سے فنڈنگ لی جس کی وجہ سے پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہوئی۔ عمران خان نے اپنی پارٹی کو بھی خراب کیا، ملک کو بھی خراب کیا اور اب اداروں کی ساکھ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’عمران خان نے جعلی بیان حلفی جمع کروائے، اپنے ملازمین کے نام پر پیسے منگوائے، آج اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں تو وہ خوف میں مبتلا ہیں۔ ‘

شیئر: