Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں مجھے نااہل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے: عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’حکومت گرانے کے بعد پلان بنایا گیا ہے کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت اور فوج کو لڑوا دیا جائے۔‘
بدھ کو اپنے ویڈیو خطاب میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ’رجیم چینج کی سازش اب آگے چل رہی ہے۔ اس خوفناک سازش میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی فوج کے خلاف ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت کو ہٹایا گیا، حکومت گرانے پر اسرائیل اور انڈیا میں خوشی منائی گئی۔‘
عمران خان کے بقول ’انڈیا میں کہا جاتا تھا کہ عمران خان اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ انہیں سب سے بڑی تکلیف یہی تھی کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر چل رہی ہے۔‘
تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’کرپٹ پارٹیاں کبھی فنڈ ریزنگ نہیں کر سکتیں۔ باقی جماعتوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا وہ یہ نہیں بتا سکتیں۔‘ چیلنج کرتا ہوں کہ ایک ہی پارٹی ہے جس نے فنڈ ریزنگ کی۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں مجھے نااہل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام جماعتوں کا ایک ساتھ آڈٹ کیا جائے۔ عدالتی حکم کے باوجود الیکشن کمیشن نے صرف پی ٹی آئی کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔

’خیبرپختونخوا میں ہمارے وزرا اور ارکان کو دھمکیاں مل رہی ہیں‘

عمران خان نے کہا کہ ’سوات میں تحریک طالبان پاکستان  کی موجودگی پر حیرت ہے، خیبرپختونخوا میں ہمارے وزرا اور ارکان اسمبلی نے مجھے بتایا ہے کہ انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’ان دنوں میں جب ٹی ٹی پی فعال تھی تو اس وقت وہ کہتی تھی کہ جو امریکہ کے ساتھی ہیں ہم ان کے خلاف ہیں۔ لیکن یہاں (کے پی کے میں) جو حکومت ہے وہ ایک آزاد پاکستان چاہتی ہے تو اس کو کیوں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ مجھے تو اس میں بھی سازش نظر آ رہی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میری پارٹی کو کمزور کرنے کے لیے یہ سازش چل رہی ہے، اس کے بعد ان کے لیے آسان ہو گا ملک کو کنٹرول کرنا۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’اگر شہباز گِل نے کچھ غلط کہا تو قانون موجود ہے۔ انہیں عدالت میں اپنی صفائی دینے کا موقع ملنا چاہیے‘ (فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک)

امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ ڈرون حملے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہوئی ہے یا نہیں لیکن مغربی اخبارات میں کہا گیا کہ پاکستان کی کوئی ڈیل ہوئی ہے۔ مجھے ملک کی فکر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کیا ملا؟‘ 

’شہباز گِل کو صفائی کا موقع ملنا چاہیے‘

اپنے چیف آف سٹاف شہباز گِل کی گرفتاری پر انہوں نے کہا کہ ’اگر شہباز گِل نے کچھ غلط کہا ہے تو قانون موجود ہے۔ ان کی گاڑی کے شیشے توڑے گئے، ڈرائیور کو مارا گیا یہ کون سا آئین و قانون کے مطابق تھا؟ شہباز گِل کو عدالت میں اپنی صفائی دینے کا موقع ملنا چاہیے۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ کسی طرح میری کردارکشی کرنا چاہتے ہیں، اے آر وائے کی بندش اسی پلان کا حصہ ہے یہ اتنا خوف پھیلانا چاہتے ہیں کہ کوئی میرا موقف پیش نہ کر سکے۔ اب یہ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا کی طرف بھی آئیں گے۔‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو توڑنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ یہ تھوڑے سے لوگ اپنے ذاتی مفاد کے لیے ایسا پلان بنا رہے ہیں، مجھے ڈر ہے کہ کوئی ایسا فیصلہ نہ کیا جائے جس سے قومی سلامتی کمپرومائز ہو۔‘

شیئر: