Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نریندر مودی عظیم آدمی، وہ لاجواب کام کر رہے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

نریندر مودی نے 2019 میں امریکہ میں ’اب کی بار ٹرمپ سرکار‘ کا نعرہ بھی لگایا تھا(فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو ’عظیم آدمی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’لاجواب کام کر رہے ہیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو نشر ہونے والے انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے انٹرویو کے دوران کہا کہ ’انڈیا کو مجھ سے بہتر دوست کبھی نہیں ملا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ وہ 2024 میں دوبارہ صدارت کے عہدے پر فائر ہو سکتے ہیں۔
نیو یارک کے قریب واقع ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کلب میں ریکارڈ کیے گئے اس انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ’ہر شخص چاہتا ہے کہ میں الیکشن لڑوں۔ مجھے سب سے زیادہ حمایت حاصل ہے۔ امکان ہے کہ اس بارے میں جلد فیصلہ کر لوں گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں مقیم انڈین کمیونٹی کی جانب سے ملنے والی حمایت اور وزیراعظم نریندر مودی کا بھی ذکر کیا جن کے ساتھ انہوں نے امریکہ اور انڈیا میں بڑے اجتماعات سے خطاب کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا اور وزیراعظم مودی کے ساتھ میرا شاندار تعلق ہے۔ ہمارے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلق ہے۔ وہ(مودی) لاجواب کام کر رہے ہیں۔ وہ جو کام کر رہے ہیں وہ آسان نہیں۔ ہم ایک دوسرے کو بہت پہلے سے جانتے ہیں۔ وہ اچھے انسان ہیں۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورۂ انڈیا کے دوران نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں بڑے اجتماع سے خطاب بھی کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ ستمبر 2019 میں نریندر مودی کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد امریکی ریاست ٹیکساس میں ’ہاؤڈی مودی‘ کے عنوان سے ہونے والی ایک تقریب وزیراعظم مودی کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خطاب کیا تھا۔
اس موقعے پر مودی نے ’اب کی بار ٹرمپ سرکار‘ کا نعرہ بھی لگایا تھا۔
اس کے پانچ ماہ بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورۂ انڈیا کے دوران نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں بڑے اجتماع سے خطاب بھی کیا تھا۔

شیئر: