ٹوئٹر کی نئی پالیسی: 2250 روپے میں بلیو ٹِک حاصل کریں
بلیو چیک کے لیے سالانہ 23 ہزار 700 روپے ادا کرنا ہوں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اکاؤنٹس کی تصدیق اور بلیو چیک مارک (بلیو ٹِک) حاصل کرنے کے لیے نیا پلان جاری کیا ہے۔
ٹوئٹر کی ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق سالانہ اور ماہانہ پلان کے تحت ادائیگی کر کے بلیو چیک مارک تصدیق کے بعد حاصل کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے ویریفائیڈ فون نمبر ہونا لازمی ہے۔
سالانہ پلان کے تحت ایک سال میں 23 ہزار 700 پاکستانی روپے ادا کرنا ہوں گے جو ایک ماہ کے ایک ہزار 975 روپے بنتے ہیں۔
جو صارفین ماہانہ پلان خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں ماہانہ بنیاد پر 2 ہزار 250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
ٹوئٹر نے بلیو چیک والے صارفین کے لیے کچھ نئے فیچرز متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ کب میسر ہوں گے۔
ویسے تو سبسکرپشن پلان کے تحت بلیو چیک حاصل کرنے والے صارفین کو اپنی ٹویٹس ایڈیٹ کرنے کے علاوہ 1080 پکسلز والی ویڈیو اپلوڈ کرنے کی سہولت پہلے سے ہی حاصل ہے۔
نئے فیچرز کے تحت تصدیق شدہ اکاؤنٹس والوں کو دیگر صارفین کے مقابلے میں اپنی ٹائم لائن پر 50 فیصد کم اشتہارات نظر آئیں گے۔
جبکہ بلیو چیک والے اکاؤنٹس سے کی گئی ٹویٹس کو ترجیح دی جائے گی اور ٹائم لائنز پر وہ زیادہ نمایاں ہوں گی۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹس ’فیس بک‘ اور ’انسٹاگرام‘ کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ نے صارفین کو ماہانہ فیس کے بدلے میں ویریفائیڈ اکاؤنٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اب فیس بک صارفین کو اپنا اکاؤنٹ ویریفائی کرانے کے لیے 11 اعشاریہ 99 ڈالر ماہانہ فیس ادا کرنا ہو گی۔
نئی سبسکرپشن صرف 18 برس سے زائد عمر کے صارفین کو فراہم کی جائے گی تاہم کاروباروں کے لیے ابھی یہ سروس دستیاب نہیں ہے۔