Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی رہائش گاہ کے باہر دھماکہ، دو پولیس اہلکار زخمی

لاہور میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی رہائش گاہ کے باہر دھماکے کے نتیجے میں پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
بدھ کی رات اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب نثار نے بتایا کہ ’میرے گھر کے باہر کسی نے بم پھینکا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم گھر کے اندر بیٹھے تھے کہ زوردار دھماکہ ہوا، میں اور میری فیملی خیریت سے ہیں۔‘
ترجمان پنجاب پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’سابق چیف جسٹس اور ان کے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں، تاہم پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے۔‘
’ریسکیو کو ایمرجنسی کال رات 9 بجے موصول ہوئی، ایمرجنسی کال کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے دونوں افراد کو فرسٹ ایڈ فراہم کردی۔‘
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینیئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔
پنجاب پولیس کے آئی جی نے دھماکے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے حکام کو واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

شیئر: