Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوس کپ انڈیا نے جیت لیا، سنگلز کے بعد ڈبلز میں بھی پاکستان کو شکست

انڈین ٹیم 28 جنوری کو پاکستان پہنچی تھی (فوٹو: ٹینس فیڈریشن)
59 سال بعد انڈین ٹینس ٹیم کی پاکستان آمد اسے ایک اور فتح دلوا گئی، جس کے بعد انڈین ٹیم ورلڈ گروپ ون میں پہنچ گئی اور پاکستان ورلڈ گروپ ٹو تک ہی پہنچ سکا۔
اتوار کو اسلام آباد میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے کورٹس پر کھیلے گئے میچز میں انڈین کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دوسرے روز کا کھیل بھی انڈیا نے اپنے نام کیا۔ اس نے ڈبلز مقابلہ جیت کر صفر تین کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
ڈبلز مقابلے میں انڈیا کے یوکی بھامری اور ساکیتھ مائی نینی کی جوڑی نے پاکستان کے عقیل خان اور مزمل مرتضٰی کو چھ دو اور سات چھ سے شکست دی، جس کے بعد ٹائی کگ آخری ڈبلز مقابلے کی نوبت ہی نہ آئی۔ 
گذشتہ روز کے سنگلز مقابلے بھی انڈیا نے اپنے نام کیے تھے۔ 
پہلے سنگلز میچ میں اعصام الحق کو انڈین پلیٸر رام کمار رما ناتھن کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ 
انڈیا کے رام کمار نے سخت مقابلے کے بعد چھ سات، سات چھ اور چھ صفر سے کامیابی اپنے نام کی، پہلے سیٹ میں اعصام الحق کو چھ کے مقابلے میں سات کے سکور سے برتری حاصل رہی۔ دوسرے سیٹ میں بھی دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملا۔

پہلے سنگلز میچ میں اعصام الحق کو انڈین پلیٸر رام کمار رما ناتھن کے ہاتھوں شکست ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)

رام کمار نے سخت مقابلے کے بعد چھ کے مقابلے میں 7 پوائنٹس سے دوسرا سیٹ اپنے نام کیا۔ تیسرے سیٹ میں انڈین کھلاڑی نے اعصام الحق کو چھ صفر سے آؤٹ کلاس کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔
تیسرے سیٹ کے دوران دوران اعصام الحق نے میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا۔ اعصام الحق اور رام کمار رماناتھن کے درمیان میچ دو گھنٹے ایک منٹ تک جاری رہا۔
گذشتہ روز پاکستان کے عقیل خان کے خلاف انڈین کھلاڑی سری رام بالاجی نے کامیابی سمیٹی تھی۔ 
پاکستان کے عقیل خان اور سری رام بالاجی کے درمیان سنگلز میں دوسرا میچ ہوا۔ پہلے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد سری رام بالاجی نے 5 کے مقابلے میں 7 پوائنٹس سے پاکستانی حرف کو شکست دی۔
تین فروری کو اسلام آباد میں بارش کے باعث دوسرا سنگلز میچ کچھ دیر کے روک دیا گیا تھا۔ بارش تھمنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو اس وقت انڈیا کا پلڑا پھر بھاری رہا اور دوران عقیل خان کو 3 کے مقابلے 6 پوائنٹس سے شکست ہوئی۔

انڈین ٹینس ٹیم نے 59 برس بعد پاکستان کا دورہ کیا (فوٹو: آئی سٹاک)

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نینشل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عاصم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ڈیوس کپ ٹائی ون مقابلوں کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کی سرزمین پر خوش آمدید کہا گیا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’انڈین ٹیم کی واپسی سے متعلق تفصیلات سکیورٹی وجوہات کی سبب نہیں بتائی جا سکتیں تاہم ٹیم جلد واپس روانہ ہو جائے گی۔‘

1964 میں انڈین ٹیم کی آمد 

پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی کے مقابلوں کے لیے انڈین ٹیم 28 جنوری کو پاکستان پہنچی تھی۔
انڈین ٹینس ٹیم آخری بار 1964 میں پاکستان آئی تھی۔ اُس وقت انڈین ٹیم نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے گذشتہ 16 برس کے دوران سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ڈیوس کپ کے کسی ٹائی میچ کی میزبانی نہیں کی تھی۔ 

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ڈائریکٹرمحمد عاصم کا کہنا ہے کہ ’ڈیوس کپ ٹائی ون کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے (فوٹو: ٹینس فیڈریشن)

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے ٹائی میچز کے پاکستان میں انعقاد پر پابندی عائد کر رکھی تھی جو کہ 2017 میں ختم ہوئی تھی۔
انڈین ٹینس ٹیم میں پانچ کھلاڑی شامل تھے جبکہ آفیشلز میں دو فزیو اور ایک ایک کوچ، منیجر اور کو آرڈینیٹر شامل تھے۔ انڈین نے ٹیم پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے تحت شیڈول ڈیوس کپ ٹینس ٹائی ون میں حصہ لیا۔
ڈیوس کپ کے لیے اسلام آباد پہنچنے والی انڈین ٹیم کے ہمراہ انڈین صحافی بھی آئے تھے۔

شیئر: