Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم وطن کے سعودی قاتل کی سزائے موت پرعمل درآمد

واردات کے بعد قاتل جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں ہم وطن کے سعودی قاتل کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں مقیم سعودی شہری عبداللہ بن صالح الرشیدی نے اپنے ہم وطن خالد بن عبدالعالی الرشیدی سے کسی بات پر جھگڑا ہونے پر ملزم نے چاقو سے اس پرحملہ کردیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کے بارے میں تمام تفصیلات حاصل کیں اور اسے جلد ہی گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم کا چالان فوجداری عدالت میں جمع کرایا گیا جہاں مقدمے میں پولیس نے آلہ قتل اور تمام شواہد عدالت کے سامنے پیش کردیئے۔
آلہ قتل اور ملزم کے اقبالی بیان پر فوجداری عدالت نے قاتل کی سزائے موت کا حکم صادر کردیا۔ ابتدائی عدالتی حکم کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا گیا جہاں جرم کی نوعیت اور اقبالی بیان کی روشنی میں ابتدائی عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔
عدالتی حکم پرعمل درآمد کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے سنیچر کو ہم وطن کے سعودی قاتل کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا۔

شیئر: