Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات، نئے پروگرام پر بات چیت

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ اکنامک فورم کے دوران اہم ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اتوار کو ریاض میں ہونے والے دو روزہ عالمی اقتصادی فورم کے دوران ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نے کرسٹالینا جارجیوا کا گذشتہ برس آئی ایم ایف سے تین ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا کل (پیر کو) اجلاس متوقع ہے جس میں ایس بی اے کے تحت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ڈالر کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے گذشتہ برس سٹینڈ بائے ارینجمنٹ کے حوالے سے وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے انہیں بتایا کہ ان کی حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اپنی مالیاتی ٹیم کو اصلاحات کرنے، سخت مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور ایسی دانشمندانہ پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہیں جو میکرو اکنامک استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنائیں۔
دونوں نے پاکستان کے آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں داخل ہونے پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گذشتہ برس میں حاصل ہونے والے فوائد کو مستحکم کیا جائے اور اس کی اقتصادی ترقی کی رفتار مثبت رہے۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کو ان کی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد یہ ان کی کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ پہلی ملاقات ہے۔ ان کی آخری ملاقات جون 2023 میں پیرس میں سمٹ فار نیو گلوبل فنانشل پیکٹ کے دوران ہوئی تھی۔

شیئر: