لائیو: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کے بعد وزیرِاعظم ہاؤس آمد
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کے بعد وزیرِاعظم ہاؤس آمد
وزیرِ اعظم شہباز شریف حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کو افواج پاکستان کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سبکدوش ہونے والے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی ملاقات ہوئی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سبکدوش ہونے والے نگراں وزیرِ اعظم کی قیادت میں نگران حکومت کے ملکی ترقی کے تسلسل کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سبکدوش نگراں وزیرِ اعظم کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو افواج پاکستان کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سبکدوش نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو رخصت کیا۔
اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کر دی۔
الیکشن کمیشن نے اپنا محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں۔
پیر کو الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل اور دیگر درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن نے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا جبکہ ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ لکھا۔
الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد اتحادی جماعت سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس بنیاد پر سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
نو مئی، بلاول بھٹو کی چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی اپیل
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نو مئی کے واقعے پر چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی اپیل کی ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم نے نو مئی کے واقعات کی مذمت کی تھی۔ اب سنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک انکوائری کا مطالبہ کیا ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ اس انکوائری کے مطابق جنہیں سزا ملنی چاہیے سزا دیں اور جو بے گناہ ہیں انہیں انصاف ملنا چاہیے۔‘