Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے تاریخی علاقے کی 56 قدیم عمارتوں کی اصلاح و مرمت کا کام مکمل

تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے کے جامع منصوبے پرکام جاری ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جدہ کے تاریخی علاقے کی 56 قدیم و مخدوش عمارتوں کی اصلاح و مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔‘
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق وزارت ثقافت کا کہنا تھا کہ ’ولی عہد نے جدہ کی تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے ذاتی فنڈ سے 50 ملین ریال کی اعانت کی تھی۔‘
تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے کےلیے جامع منصوبے پرکام جاری ہے۔ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں تاریخی علاقوں کی بحالی اور انہیں نمایاں اندازمیں پیش کرنا شامل ہے۔
واضح رہے جدہ کے قدیم تاریخی علاقے کی بحالی کے منصوبے کے تحت 600 قدیم عمارتوں اور36 مساجد ، پانچ مرکزی و تاریخی بازار شامل ہیں جنہیں عہد رفتہ کی یاد گار کے طورپر تاریخی مقامات قرار دیے گئے ہیں۔
ساحلی شہر کے یہ قدیم مقامات ماضی میں بھی غیرمعمولی شہرت کے حامل تھے۔ یہاں دنیا بھر سے سمندری راستے سے آنے والے زائرین  اور عازمین حج کے قافلے پہنچا کرتے تھے۔
جدہ کے قدیم علاقے البد میں موجود پرانی عمارتوں میں سے بعض کی عمر 500 برس سے بھی زیادہ ہے جنہیں تاریخی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ولی عہد مملکت نے سال 2021 میں جدہ کے تاریخی علاقے کی از سرنو بحالی کے منصوبے کی منظوری جاری کی تھی۔
اس حوالے سے منصوبے پرعمل کرتے ہوئے وہاں ترقیاتی کام جاری ہے۔ متعدد مقامات اس وقت عام لوگوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں جبکہ سیاح بھی یہاں کا دورہ ضرور کرتے ہیں۔

شیئر: