وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر ہاؤس پنجاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اتوار کو ہونے والی اس ملاقات میں ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔'
مزید پڑھیں
بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی اور سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم کے دوست ممالک کے حالیہ دوروں پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سیاسی اتحادیوں کے درمیان تعاون پر بھی بات کی گئی۔
وزیراعظم سے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو عام آدمی کے ریلیف اور فلاح کے لیے آئندہ بجٹ میں اقدامات لینے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحادیوں کو ملکی مفاد میں مل کر آگے چلنے کی ضرورت ہے۔
’پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں‘
صدر مملکت نے لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹرز و آفیشلز کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، بنگلہ دیش برادر ملک ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کی طرح بنگلہ دیش کو بھی وسائل سے نوازا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اقوام عالم میں بنگلہ دیش ایک مضبوط معاشی ملک کے طور پر جانا جاتا ہے، دونوں ہمسایہ اور برادر ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، ہمیں دونوں ممالک کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔