بلوچستان کابینہ میں توسیع، جماعت اسلامی اور ن لیگ کے دو وزرا نے حلف اٹھا لیا
اتوار 29 نومبر 2026 22:26
نئے صوبائی وزیر مولانا ہدایت الرحمن کو فشریز کا محکمہ دیا گیا ہے۔( فوٹو: فیس بک)
بلوچستان کابینہ میں توسیع کی گئی ہے۔ اتوار کو دو نئے وزرا جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن اور ن لیگ کے نوابزادہ زریں خان مگسی نے حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب میں قائم مقام گورنر عبدالخالق اچکزئی نے نئے وزرا سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلی سرفراز بگٹی اور صوبائی وزرا شریک ہوئے۔
نئے صوبائی وزیر مولانا ہدایت الرحمن کو فشریز کا محکمہ دیا گیا ہے۔
حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا ’بلوچستان کے سمندر میں ٹرالر مافیا کا راج ہے۔ حال ہی میں اسمبلی میں فشریز بل پاس ہوا ہے۔ کوشش ہوگی اس پر عمل کیا جائے۔ اس بل میں ٹرالر مافیا کے خلاف سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔‘
انہوں نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے پر وزیر اعلی بلو چستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ بلوچستان کے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔
واضح رہے اس وقت بلوچستان حکومت میں 13 وزرا، پانچ مشیر اور 16 پارلیمانی سیکریٹریز کام کر رہے ہیں۔ ان میں چھ وزرا، تین مشیروں اور سات پارلیمانی سیکریٹریز کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ پانچ وزرا، دو مشیروں اور چھ پارلیمانی سیکریٹریز کا تعلق ن لیگ سے ہے۔

کابینہ میں توسیع کے بعد وزرا کی تعداد 15 ہوگئی۔ ستائیسویں ترمیم کے بعد آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت 65 رکنی اسمبلی میں صوبائی کابینہ کی زیادہ سے زیادہ تعداد 17 ارکان اور وزیراعلیٰ کے مشیروں کی تعداد سات تک ہو سکتی ہے۔
فروری 2024 کے عام انتخابات کے بعد بلوچستان اسمبلی میں کسی ایک جماعت کو سادہ اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے مشترکہ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا۔
مارچ 2024 میں میر سرفراز بگٹی بلوچستان کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔ بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی بھی حکومتی اتحاد میں شامل ہیں۔
