Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میکسیکو میں فٹ بال کے میدان میں فائرنگ، کم سے کم 11 افراد ہلاک

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو تلاش کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
میکسیکو میں فٹ بال کے میدان میں مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اتوار کو ملک کی وسطی ریاست گواناجواٹو میں سلامانیکا شہر کے قریب پیش آیا، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
میئر آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 10 نے موقع پر ہی دم توڑا جبکہ ایک ہسپتال میں طبی امداد کے دوران چل بسا۔‘
میئر آفس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’زخمی ہونے والے 12 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔‘
جہاں پر فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا ہے، شہر کے اسی علاقے سے سنیچر کی رات چار ایسے بیگ ملے تھے جن کے اندر انسانی اعضا تھے۔
 گواناجواٹو جو ایک ایسے صنعتی مرکز قرار دیا جاتا ہے جو مسلسل ترقی کر رہا ہے جبکہ یہ اپنے سیاحتی مقامات کے لیے بھی مشہور ہے تاہم دوسری جانب سرکاری اعداد و شمار کے حساب سے اسے ایک مقام بھی سمجھا جاتا ہے جہاں گینگز کے درمیان لڑائی میں سب سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے سال کے اوائل میں ایک بیان میں کہا تھا کہ 2025 کے دوران میکسیکو کے اندر قتل کے واقعات دہائی کے دوران کم ترین سطح پر رہے اور اس کا کریڈٹ انتظامیہ کو یہ کہتے ہوئے دیا تھا کہ ایسا اس کی جانب سے بنائی گئی درست حکمت عملی کی بدولت ممکن ہوا۔

 

شیئر: