’کرپٹ ترین حکومت‘، میکسیکو سٹی میں جین زی کے احتجاج کے دوران 120افراد زخمی
’کرپٹ ترین حکومت‘، میکسیکو سٹی میں جین زی کے احتجاج کے دوران 120افراد زخمی
اتوار 16 نومبر 2025 11:10
میکسیکو سٹی میں صدرکے پُرتشدد جرائم سے نمٹنے کے طریقہ کار کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران 100 سے زائد افراد زخمی جبکہ 20 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو ہزاروں افراد نے دارالحکومت کے تاریخی مرکزی عوامی چوک زوکالو میں مارچ کیا۔
اس مظاہرے کی قیادت وہ نوجوان کر رہے تھے جو دنیا بھر میں جنریشن زی کی احتجاجی تحریکوں سے متاثر ہیں۔
اس مظاہرے میں’سومبریرو موومنٹ‘ کے حامی بھی شامل تھے۔ یہ تحریک اس میئر کے قتل کے بعد سامنے آئی تھی جو اپنے شہر میں منظم جرائم کے خلاف سرگرمی سے لڑ رہا تھا۔
اے ایف پی کے مشاہدے کے مطابق مختلف عمر کے افراد صدارتی محل کے سامنے مظاہرے میں شریک تھے جہاں صدر کلاؤڈیا شینباوم مقیم ہیں اور وہاں کام کرتی ہیں۔
کچھ مظاہرین نے صدارتی محل کی حفاظت کے لیے لگائی گئی دھاتی رُکاوٹیں گرا دیں اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ اے ایف پی کے صحافیوں نے بتایا کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مظاہرہن کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
میکسیکو سٹی کے سکیورٹی چیف پابلو واسکز نے صحافیوں کو بتایا کہ ’کئی گھنٹوں تک یہ مظاہرہ پُرامن طریقے سے جاری رہا، لیکن پھر ایک گروہ نے پُرتشدد کارروائیاں شروع کر دیں۔‘
انہوں نے کہا کہ 20 مظاہرین اور 100 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 40 افسران کو چوٹوں کی وجہ سے ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
اس مظاہرے کی قیادت وہ نوجوان کر رہے تھے جو دنیا بھر میں جنریشن زی کی احتجاجی تحریکوں سے متاثر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سکیورٹی چیف نے مزید بتایا کہ پولیس نے چوری اور تشدد کے الزام میں 20 افراد کو گرفتار کیا ہے اور لا جورنادا اخبار کے صحافی پر حملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس (حملے) میں پولیس اہلکار ملوث ہیں۔
اکتوبر 2024 میں اقتدار میں آنے والی کلاؤڈیا شینباوم نے اپنے پہلے سال میں 70 فیصد سے زیادہ عوامی مقبولیت برقرار رکھی، لیکن حالیہ ہائی پروفائل قتل کے واقعات کے بعد ان کی سکیورٹی پالیسیوں پر تنقید بڑھ گئی ہے۔
ایک طالبہ والینٹینا رامیرز نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ حکومت اب تک کی سب سے بدعنوان حکومتوں میں سے ایک ہے جو عوام کے بجائے کرپٹ افراد کا دفاع کرنا چاہتی ہے۔‘
متعدد مظاہرین نے اسی قسم کی ٹوپیاں پہن رکھی تھیں جن کی وجہ سے مغربی ریاست میچواکان کے میئر کارلوس مانزو پہچانے جاتے تھے۔
کارلوس مانزو کو یکم نومبر کو قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ اپنے شہر اروآپان میں منشیات فروش گینگز کے خلاف سخت مہم چلانے کے لیے جانے جاتے تھے۔
مظاہرین نے بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے جن پر ’ہم سب کارلوس مانزو ہیں‘ جیسے نعرے درج تھے۔
میکسیکو سٹی کے سکیورٹی چیف نے بتایا کہ 20 مظاہرین اور 100 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اس کے ساتھ جاپانی مانگا ون پیس کا مشہور قزاقی جھنڈا بھی دیکھا گیا جو اب دنیا بھر میں نوجوانوں کے احتجاج کی علامت بن چکا ہے چاہے وہ مڈغاسکر ہو، فلپائن یا پیرو۔
ون پیس ایک مشہور جاپانی مانگا اور کارٹون سیریز ہے جس میں ایک نوجوان سمندری ڈاکو لوفی اپنے خواب کی تکمیل کے لیے ’ون پیس‘ نامی خزانے کی تلاش پر نکلتا ہے۔ اس کا قزاقی جھنڈا دنیا بھر میں نوجوانوں کے احتجاج کی علامت بن چکا ہے۔
کچھ مظاہرین سکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرکے نعرے لگا رہے تھے کہ ’تمہیں کارلوس مانزو کی بھی اسی طرح حفاظت کرنی چاہیے تھی‘ جس کے جواب میں اہلکاروں نے آگ بجھانے والے آلات اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔