عمان میں کشتی الٹنے سے تین فرانسیسی سیاح ہلاک، دو زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ عمان کے دارالحکومت مسقط کے ساحل کے قریب ایک کشتی الٹنے کے بعد تین فرانسیسی سیاح ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق رائل عمان پولیس کے مطابق کشتی میں 25 فرانسیسی سیاح، ایک ٹور گائیڈ اور کشتی کا کپتان سوار تھے۔ کشتی خلیجِ عمان میں الٹ گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ تین سیاح جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔
پولیس نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ ’واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات ابھی جاری ہیں۔‘
عمان، جو جزیرہ نما عرب کے مشرقی کنارے پر واقع ہے، اپنی قدرتی خوبصورتی اور ڈائیونگ کے مواقع کی وجہ سے دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
