سعودی رائل ریزرو میں معدومیت کے خطرے سے دوچار مزید 140 جانور اور پرندے منتقل
70 عریبین اوریکس، 30 ریم غزال اور 40 ہوبارا بسٹرڈ شامل ہیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف نے کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے 140 جانور ریزور میں منتقل کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کی افزائش نسل کے پروگرام کے تحت مختلف اقسام کے جانور رائل ریزور میں منتقل کیے گئے، جن میں پرندے بھی شامل ہیں۔

ان جانوروں میں 70 عریبین اوریکس، 30 ریم غزال اور 40 ہوبارا بسٹرڈ شامل ہیں۔ جانوروں کو محفوظ جنگلات میں ان کی فطرت کے مطابق ماحول فراہم کیا گیا ہے، جو ان کی افزائش نسل میں معاون ثابت ہوگا۔

نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کے سی ای او، ڈاکٹر محمد علی قربان کا کہنا تھا کہ ایسے جانور جن کی نسل معدوم ہونے کا اندیشہ ہو، ان کے تحفظ اور افزائش نسل کے لیے محفوظ قومی جنگلات میں قدرتی ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔
