سعودی رائل ریزرو میں معدومیت کے خطرے سے دوچار 124 جانوروں کو چھوڑا گیا
جانوروں میں 100 الریم ہرن‘، 10 الادمی ہرن اور 14 عربی ہرن شامل تھے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر فاروائلڈ لائف ڈیولپمنٹ نے امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزور کے تعاون سے معدومیت کے خطرے سے دوچار 124 جانوروں کو ریزور میں چھوڑا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریزرو میں چھوڑے جانے والے جانوروں میں 100 الریم ہرن‘، 10 الادمی ہرن اور 14 عربی ہرن شامل تھے۔

معدومیت کے خطرے سے دوچار ان جانوروں کو افزائش نسل کےلیے محفوظ جنگلات میں چھوڑا گیا ہے۔
نیشنل سینٹر فاروائلڈ لائف کے سی ای او ڈاکٹر محمد علی قربان کا کہنا تھا مرکز کی جانب سے ریزور میں چھوڑے جانے والے جانوروں کو ان کی فطرت کے مطابق ماحول فراہم کیا گیا ہے تاکہ افزائش نسل کے لیے سازگار ماحول مہیا جاسکے۔

واضح رہے امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو کا شمار مملکت کے دوسرے بڑے ریزرو میں ہوتا ہے جس کا مجموعی رقبہ 91500 مربع کلومیٹر ہے۔
یہاں 179 اقسام کے پودے اور 138 قسم کے جانور اور پرندے پائے جاتے ہیں۔
