ورلڈ ڈیفنس شو 2026: سکیورٹی کے شعبے میں سعودی خواتین کا نمایاں کردار
جمعرات 12 فروری 2026 6:27
سعودی خواتین نے وزارتِ داخلہ کے سکیورٹی نظام میں بڑھ چڑھ کر اہم کردار ادا کیا ہے اور انہوں نے فیلڈ، انتظامی اور سپیشلائزڈ امور میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی خواتین کی شمولیت مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی تقریبات تک پھیلی ہوئی ہے جہاں وہ نمائشوں کا انعقاد کرتی ہیں، سکیورٹی آپریشنز میں معاونت فراہم کرتی ہیں اور کمیونٹی اور خاندانی طب کی خدمات انجام دیتی ہیں۔
ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو میں وزارت اس امر کو اجاگر کر رہی ہے کہ خواتین امن و امان اور عوامی سلامتی کے قیام اور جان و مال کے تحفظ میں کس قدر اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ان کی خدمات حجاجِ کرام کی سکیورٹی اور خدمت تک بھی پھیلی ہوئی ہیں جن میں حج اور عمرہ کے دوران نظم و نسق، نگرانی، ترجمہ، ٹریفک کی نگرانی اور حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
خواتین جرائم کی روک تھام، ماحولیاتی تحفظ، دستاویزات کی بحالی اور الیکٹرونک خدمات کی ترقی میں بھی کردار ادا کرتی ہیں، نیز ڈیجیٹل تبدیلی کے تقاضوں کے مطابق ڈیٹا کے تجزیے اور عملی طریقہ کار کی بہتری میں بھی حصہ لیتی ہیں۔

وہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی علاقوں میں قائم متحدہ سکیورٹی آپریشنز سینٹرز (911) میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں جہاں وہ سکیورٹی رپورٹس کا انتظام اور نگرانی کرتی ہیں۔