Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ حلال فورم کا تیسرا ایڈیشن: پالیسی سازوں، کاروباری و مالیاتی ماہرین کی شرکت

وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی کی زیر نگرانی ’مکہ حلال فورم‘ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کل سنیچر سے ہوگا۔ دو روزہ فورم کا سلوگن ’حلال ایک ماہرانہ صنعت‘ رکھا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فورم کا تیسرا ایڈیشن مکہ ایوان صنعت و تجارت کے ایگزیبیشن اینڈ ایونٹس سینٹر منعقد کیا جائے گا۔
فورم کا انعقاد ’منافع‘ اقدام کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں حلال معیشت کے مستقبل پر غور اور تجربات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
فورم میں مختلف کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان شرکت کر کے سپلائی چین کے جدید حل پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
حلال فورم میں پالیسی سازوں، کاروباری و مالیاتی ماہرین اور حلال نظام سے منسلک اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
مکالماتی نشستوں میں عالمی سطح کی قیادت اورماہرین اظہارِ خیال کریں گے جن میں بوسنیا وہرزیگووینا کے وزیر خارجہ، حلال شعبے سے وابستہ پلیٹ فارمز کے سی ای اوز اور اسلامی چیمبرز آف کامرس کے قائدین بھی شامل ہیں۔
فورم میں ایک نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نمایاں برانڈز اورعالمی ادارے شامل ہیں۔
نمائش میں ’حلال ماہرین کارنر‘ کے عنوان سے بھی خصوصی سٹیج ہوگا جہاں ماہرین کی جانب سے انفرادی مشاورتی نشستوں کا انتظام کیا جائے گا۔
واضح رہے مکہ حلال فورم 2026 ایک سٹریٹیجک پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے جو اقتصادی فکر، ضابطہ جاتی معیارات، ادارہ جاتی استحکام اور تکنیکی جدت کو یکجا کرتا ہے جس سے مملکت کا عالمی معیشت اور حلال صنعت میں کلیدی کردار مزید مستحکم ہوگا۔

شیئر: