صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والا شخص فائرنگ سے ہلاک
اتوار 22 فروری 2026 17:35
امریکی سیکرٹ سروس نے واقعے کے حوالے سے ایکس پر بیان جاری کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کی سیکرٹ سروس نے صدر ٹرمپ کی نجی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ریاست فلوریڈا میں واقع صدر ٹرمپ کی نجی رہائشی جائیداد ’مار اے لاگو‘ میں اتوار کو ایک شخص نے گھسنے کی کوشش کی تھی۔
ایجنسی کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے ایک پر پوسٹ میں لکھا کہ ’ایک مسلح شخص کو امریکی سیکرٹ سروس کے اہلکاروں اور کاؤنٹی کے شیرف نے اُس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ غیرقانونی طور پر مار اے لاگو میں حفاظتی زون میں داخلے کی کوشش کر رہا تھا۔‘
یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا جبکہ صدر ٹرمپ اُس وقت وہاں موجود نہیں تھے۔
گولی سے مرنے والے شخص کا نام جاری نہیں کیا گیا۔ سیکرٹ سروس کے مطابق اسے ’مار-اے-لاگو پراپرٹی کے شمالی گیٹ پر دیکھا گیا جہاں وہ شاٹ گن اور ایندھن کا کین اُٹھائے ہوئے تھا۔‘
مشتبہ شخص کی عمر 20 برس کے لگ بھگ تھی اور وہ شمالی کیرولینا کا رہنے والا تھا، اس کے اہلخانہ نے چند روز قبل اُس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔
سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے بتایا کہ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ وہ شمالی کیرولائنا سے نکلا اور جنوب کی طرف روانہ ہوا، راستے میں ایک شاٹ گن اٹھا لی۔ ترجمان نے کہا کہ بندوق کا باکس اس کی گاڑی سے برآمد ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ شخص مار-اے-لاگو کے شمالی گیٹ سے گاڑی اندر لے جانے کی کوشش کر رہا تھا جب ایک اور گاڑی باہر نکل رہی تھی اور سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے اس کا سامنا کیا۔
انتھونی گگلیلمی نے کہا کہ ایجنٹوں نے مسلح شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ تفتیش کار ایک نفسیاتی پروفائل مرتب کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اس کا مقصد ابھی بھی زیر تفتیش ہے۔