Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کی جانب سے خلیجی و علاقائی ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے: سعودی عرب

سعودی عرب نے خلیجی اور علاقائی ممالک کی خودمختاری کی مبینہ ایرانی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے  سرکاری بیان میں متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت اور اردن کی خودمختاری کی ’کھلی اور صریح‘ خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ان ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ مملکت اُن کی جانب سے کیے جانے والے کسی بھی قانونی اور دفاعی اقدام کی حمایت کرے گی۔
مملکت نے خبردار کیا کہ ریاستی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی قانون کی پامالی کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مبینہ ایرانی اقدامات کی مذمت کرے اور خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی خلاف ورزیوں کے سدباب کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

Caption

فارس نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کویت، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر اور بحرین میں متعدد امریکی فوجی اڈے حملوں کی زد میں ہیں۔
بحرین نے کہا ہے کہ ملک میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کے ایک مرکز کو ’میزائل حملے‘  میں نشانہ بنایا گیا ہے، یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا تھا۔
اے ایف پی نامہ نگاروں کے مطابق اسی دوران قطر میں امریکی اڈوں کے قریب بھی ہنگامی سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ایک قطری اہلکار نے بتایا کہ قطری میزائل ڈیفنس سسٹم نے ایک ایرانی میزائل کو تباہ کر دیا۔
ابوظبی کے رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ سنیچر کو انہیں اماراتی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ’امارات نے متعدد ایرانی میزائل کامیابی سے روک لیے۔‘

شیئر: