عمانی بندرگاہ دقم پر ایرانی حملے کی مذمت، سعودی عرب کا اظہار یکجہتی
ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج سے خبردار کیا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے عمان پر ’وحشیانہ ایرانی حملے‘ اور اس کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں عمان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ’ مملکت، عمان کی سلامتی، استحکام اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی اقدام کی حمایت میں اپنی تمام تر صلاحیتیں اس کے اختیار میں دینے کو تیار ہے۔‘
بیان میں مملکت نے ایران کی جانب سے ریاستوں کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج سے خبردار کیا اور کہا کہ’ اس سے خطے کے استحکام و سلامتی کو نقصان پہنچے گا۔‘
سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ’ وہ ایرانی خلاف ورزیوں کے خلاف ٹھوس موقف اختیار اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔‘
یاد رہے اتوار کو ایران نے عمان کی دقم کی تجارتی بندرگاہ کو دو ڈرونز سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک کارکن زخمی ہوا۔
عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایک ڈرون کارکنوں کی رہائش پر گرا جس سے ایک غیر ملکی کارکن زخمی ہوا، جبکہ دوسرے ڈرون کا ملبہ ایندھن کے ٹینکوں کے قریب گرا مگر کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ سنیچر کو عمان ایرانی حملوں سے محفوظ رہا تھا، امریکہِ ایران مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ملک پر یہ پہلا حملہ تھا۔
