عراقی ملیشیا کا بغداد میں امریکی فوجیوں پر ڈرون حملہ کرنے کا دعویٰ
عراق کی ایک شیعہ ملیشیا نے پیر کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر تعینات امریکی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اس کارروائی کے ساتھ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد جاری جوابی کارروائیوں کا سلسلہ وسیع ہو رہا ہے۔
سرایا اولیاء الدم نامی گروہ اُن شیعہ ملیشیاؤں میں شامل ہے جو 2003 میں امریکہ کی قیادت میں عراق پر حملے اور صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد عراق میں سرگرم ہوئیں۔
امریکہ اور عراق نے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی حمایت یافتہ ملیشیائیں، جن میں لبنان حزب اللہ ھی شامل ہے، اُس جنگ میں شامل ہو چکی ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی مذہبی حکومت کو نشانہ بنانے والی فضائی کارروائیوں سے شروع ہوئی تھی۔
