متحدہ عرب امارات کا تہران میں سفارتخانہ بند کرنے اور سفیر واپس بلانے کا اعلان
امارات نے ایران کے میزائل حملوں کے جواب میں یہ اقدام کیا ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے، اپنے سفییر اور سفارتی مشن کے عملے کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادرے وام کے مطابق امارات نے یہ اقدام اپنی سرزمین پر ایران کے میزائل حملوں کے جواب میں کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا’ شہری مقامات، رہائشی علاقوں، ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور خدمات کے مراکز پر جارحانہ حملے شہریوں کو سنگین اور غیر ذمہ دارانہ طور پر خطرے میں ڈالتے ہیں۔‘
’یہ ملکی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی کے ساتھ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
علاوہ ازیں اماراتی وزارت دفاع نے کہا کہ’ اتوار کو حملے کے دوسرے دن کی صبح اماراتی ایئرڈیفنس نے 20 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کیے جبکہ آٹھ میزائل سمندر میں جا گرے۔‘
بیان میں کہا گیا’ دو کروز میزائل اور 311 ڈرونز بھی ناکام بنائے گئے، تاہم 21 ڈرونز شہری اہداف تک پہنچے۔
28 فروری 2026 کو حملے کے آغاز سے اب تک ایران سے داغے گئے 165 بیلسٹک میزائلوں میں سے 152 کو تباہ کیا گیا جبکہ 13 سمندر میں گرے۔ دو کروز میزائل بھی شناخت کے بعد مار گرائے گئے۔
مجموعی طور پر 541 ڈرونز میں سے 506 کو روک کر تباہ کر دیا گیا جبکہ 35 ملک کے مختلف علاقوں میں گرے، جس سے نقصان ہوا۔
بیان میں کہا گیا’ مسلح افواج ہائی الرٹ اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ شہریوں، رہائشیوں اور وزیٹرزکی سلامتی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔‘
