Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ ایران کے خلاف اپنے فوجی مقاصد کو نہیں بڑھا رہا: امریکی وزیر دفاع

پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ’ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ہم کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران میں اپنے فوجی مقاصد کو وسیع نہیں کر رہا ہے۔ 
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے اگلے رہنما کے انتخاب میں امریکہ کو شامل ہونا چاہیے۔
پینٹاگون نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ فوجی کارروائی جسے آپریشن ’ایپک فیوری‘ کہا جا رہا ہے، کا مقصد ایران کے جارحانہ میزائلوں، میزائل بنانے کی صلاحیت اور بحریہ کو تباہ کرنا ہے جبکہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے بھی روکنا ہے۔
روئٹرز کے مطابق امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ’ہمارے مقاصد میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جا رہی اور ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ہم کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ موجودہ آپریشن کے پیش نظر یہ فیصلہ کرنے میں بہت زیادہ اثر رکھتے ہیں کہ ایران میں کون حکومت کرے گا۔
جمعرات کو روئٹرز کو دیے گئے ایک ٹیلی فون انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کو تعاون کرنا ہوگا کہ آئندہ ایران کی قیادت کون کرے گا۔
پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ’خطے کے ممالک پر حملے کر کے ایران دراصل انہیں مزید امریکہ کے قریب کر رہا ہے۔ اس صورت حال سے دراصل اتحاد مزید مضبوط ہو رہا ہے تاکہ ہم اپنی توجہ اسی جگہ مرکوز رکھ سکیں جہاں ضرورت ہے۔‘
امریکی وزیرِ دفاع نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ایران بڑی غلطی کر رہا ہے اگر وہ یہ سوچ رہا ہے کہ امریکہ موجودہ جنگ کو جاری نہیں رکھ سکتا۔ واشنگٹن نے ابھی لڑائی کا آغاز ہی کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایران اُمید کر رہا ہے کہ ہم اس (جنگ) کو جاری نہیں رکھ سکتے، جو کہ ایک بہت بڑی غلطی ہے۔ وقت کا تعین ہم کرتے ہیں۔‘
امریکہ نے ایران میں دو ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے جن میں ایرانی جنگی جہاز بھی شامل ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکی افواج نے جمعرات کے روز ایک ایرانی ڈرون کیریئر شپ سمیت 30 ایرانی جنگی جہاز تباہ کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکہ ایران کی ’دوبارہ تعمیر کی صلاحیت‘ کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے مزید بتایا کہ ’جیسے ہی ہم اس آپریشن کے اگلے مرحلے میں جائیں گے، ہم ایران کی مستقبل میں میزائل بنانے کی صلاحیت کو منظّم انداز میں ختم کریں گے، اور یہ عمل پہلے ہی جاری ہے تاہم اس میں کچھ وقت لگے گا۔‘
امریکی فوج نے کویت کے پورٹ شعیبہ میں ایک امریکی فوجی مرکز پر ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے چھ امریکی آرمی ریزرو فوجیوں کی شناخت کر لی ہے۔
صدر ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازعے کے نتیجے میں مزید امریکی فوجی ہلاک ہو سکتے ہیں۔

 

شیئر: