Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مذاکرات کے لیے ’بہت دیر‘ ہو چکی، ایران کے خلاف فوجی مہم جاری، : ڈونلڈ ٹرمپ

صدر ڈٖونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ (ہتھیاروں سے) لیس ہے اور ایک بڑی جیت کے لیے تیار ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تہران نے واشنگٹن سے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن ان کا دعویٰ ہے کہ اب ’بہت دیر‘ ہو چکی ہے کیونکہ امریکہ ایران کے خلاف اپنی فوجی مہم کو تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اخباری مضمون کے جواب میں منگل کو اپنے ’ٹروتھ سوشل‘ پروفائل پر  لکھا ’ان کا فضائی دفاع، فضائیہ، بحریہ اور قیادت ختم ہو چکی ہے۔ وہ بات کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے کہا ’بہت دیر ہو چکی ہے!‘
رات گئے ایک علیحدہ پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے پاس طویل تنازعات کو برقرار رکھنے کے لیے ہتھیاروں کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے گولہ بارود کی ’تقریباً لامحدود سپلائی‘ کا ذکر کیا۔
انہوں نے لکھا ’محض ان ذخائر کے استعمال سے جنگیں ’ہمیشہ‘ کے لیے اور بہت کامیابی سے لڑی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ (ہتھیاروں سے) لیس ہے اور ایک بڑی جیت کے لیے تیار ہے!‘
پیر کو رات گئے ان کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب سنیچر کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد تنازع چوتھے دن میں داخل ہو گیا۔

اس سے قبل پیر کو وائٹ ہاؤس میں میڈل آف آنر کی تقریب سے قبل مختصر گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ تہران کے خلاف آپریشن کب تک جاری رہے گا لیکن انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس کا تخمینہ چار سے پانچ ہفتے لگایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم پہلے ہی اپنے مقررہ وقت سے کافی آگے ہیں۔ لیکن جتنا بھی وقت لگے، ٹھیک ہے۔ جو بھی ضروری ہوا، کیا جائے گا۔‘

شیئر: