جدہ: پاکستان قونصلیٹ نے نئی عمارت میں قونصلر خدمات کا آغاز کر دیا
قونصل جنرل مصطفی ربانی کمیونٹی کی رہنمائی کے لیے موجود تھے۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ نے پیر 16 مارچ سے نئی چانسری بلڈنگ میں قونصلر خدمات اور آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
نئی عمارت میں قونصلر خدمات کے آغاز پر قونصل جنرل سید مصطفی ربانی خود کمیونٹی کی رہنمائی کے لیے موجود تھے۔
نئی عمارت جدہ کے رحاب ڈسٹرکٹ میں ایک سال کی مختصر مدت میں تعمیر کی گئی، جس کا ڈیزائن پاکستانی، اسلامی اور سعودی فن تعمیر کا امتزاج ہے۔
جدہ قونصلیٹ مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے اہم رہا ہے۔ 1985 میں پاکستانی سفارت خانہ جب جدہ سے ریاض منتقل ہوا تو قونصلیٹ نے کام شروع کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقعے پر خطاب میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی کوششوں اور سعودی حکام کی جانب سے اس منصوبے کو حقیقت بنانے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔
اس سال دس جنوری کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قونصلیٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا تھا،جلد سے جلد آپریشنز اور قونصلر خدمات کو نئی عمارت میں منتقل کرنے کی اجازت دی تھی۔
یاد رہے کہ جدہ قونصلیٹ، وزارت خارجہ کا بیرون ملک سب سے بڑا مِشن ہے اور یہ مملکت کے ویسٹرن ریجن میں قریباً 18 لاکھ پاکستانیوں کی خدمت کرتا ہے۔

نئی قونصلیٹ بلڈنگ اور یہاں موجود سہولتیں کمیونٹی کے لیے خدمات کو آسان بنانے میں معاون ہوں گی۔
قونصلیٹ کی نئی عمارت کا کل رقبہ 18 ہزار 400 مربع میٹر ہے جبکہ عمارت 5 ہزار 200 مربع میٹر پر تعمیر کی گئی ہے۔ اس کی چار منزلیں ہیں۔ یہ ایریا 8 ہزار 770 مربع میٹر ہے۔
پہلی دو منزلیں قونصل خدمات کے لیے مختص ہیں، دو بڑے ہال اور پبلک ویٹنگ ایریا ہوں گے۔ تیسری منزل آفس ایریا کے لیے جبکہ چوتھی منزل حج مشن کے لیے ہے۔ یہاں آرکائیوز بھی محفوظ کیے جائیں گے۔
یہ پروجیکٹ گرین بلڈنگ اور انوائرنمنٹ فرینڈلی ہے۔ ہوا اور روشنی کا اہتمام ہے۔ سمارٹ کنٹرول سسٹم اور سعودی قوانین کے مطابق تمام بنیادی سہولتیں اس میں موجود ہیں۔
