حالیہ صورتحال کے اثرات ’کورونا وبا‘ سے بھی بڑھ کر ہیں: سعودی وزیر خزانہ
جمعرات 26 مارچ 2026 21:19
الجدعان کا کہنا تھا اس کے عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ ( فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ’ حالیہ چند ہفتوں میں پیش آنے والی صورتحال کے اثرات ’کورونا وبا‘ سے بھی بڑھ کر ہیں۔ عالمی سپلائی چین میں شدید تعطل پیدا ہوا ہے، جو کچھ ہو رہا ہے اس کے عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔‘
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزیرخزانہ نے میامی میں فیوچر انویسٹمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’مملکت نے گزشتہ 50 برسوں میں پائپ لائن انفرا سٹرکچر میں سرمایہ کاری کی ہے۔‘
’اسے، اس وقت ’انرجی شاکس‘ کے موثر نظم و نسق اور تیل کے سٹریٹجک ذخائر کے انتظام کے لیے موثر طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔‘
الجدعان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے باعث صورتحال نے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں، خصوصا تیل، گیس، کھاد اور دیگر کلیدی شعبوں کی منڈیوں پر اس کے اثرات نمایاں ہو رہے ہیں۔‘
سعودی وزیر خزانہ نے مزید کہا ’ سرمایہ کار اس وقت استحکام، لچک، یقین دہانی ، ترقی کے امکانات، طویل المدتی حکمت عملیوں اور رسک کے مطابق منافع کو ترجیح دے رہے ہیں، اس تناظر میں سعودی عرب کی معیشت، مضبوطی اور استحکام کی بھرپور صلاحیت کے باعث سرمایہ کاری کے لیے پرکشش حیثیت رکھتی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’ماضی میں بعض حلقے خلیجی ممالک کو باہمی مسابقت رکھنے والی چھوٹی معیشتیں سمجھتے تھے، تاہم موجودہ حالات نے ثابت کیا کہ خلیجی ممالک باہمی تعاون کے ذریعے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو چکے ہیں۔‘
’اس اشتراکِ عمل نے رئیل سٹیٹ، ٹیکنالوجی، دفاع اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع پیدا کیے ہیں اور یہ مواقع حالیہ ہفتوں کے مقابلے میں اب زیادہ طور پر واضح اور نمایاں ہو چکے ہیں۔‘
