پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے 24 افراد ہلاک، گرج برس کا سلسلہ کب تک رہے گا؟
پیر 30 مارچ 2026 18:09
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
یہ موسلا دھار بارشیں پیر کو بھی وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مری کے رہائشی عمر عباسی مری ایکسپریس وے پر موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اچانک گرنے والے ایک پتھر سے وہ ہلاک ہو گئے، جبکہ مری اور گلیات کے ملحقہ علاقے میں ایک اور نوجوان بھی اپنی موٹر سائیکل پر سفر کے دوران گرنے والے درخت کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گیا۔
مری اور گلیات سے تعلق رکھنے والے یہ دو نوجوان ان 24 افراد میں شامل ہیں جوپاکستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ درجنوں افراد زخمی اور کئی گھر منہدم ہوئے ہیں۔
یہ موسلا دھار بارشیں پیر کو بھی وقفے وقفے سے جاری ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات گئے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اب تک سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ خیبر پختونخوا ہے، جہاں بارشوں سے 17 افراد ہلاک ہوئے جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں جبکہ 56 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسی طرح صوبہ بلوچستان میں گذشتہ چند روز سے جاری بارشوں کے باعث اب تک پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ غیرضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں اور بلند مقامات پر جانے سے پرہیز کریں۔
موسم کی اس صورتحال کے حوالے سے اسلام آباد میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر فورکاسٹنگ عرفان ورک نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ پیر کی رات تک جاری رہ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے، بلوچستان اور پنجاب کے شمال مشرقی حصے خطہ پوٹھوہار اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر بارشوں سے متاثر ہیں، جن کی پیش گوئی پہلے سے کی گئی تھی۔
عرفان ورک کے مطابق اگلے دو روز تک ان علاقوں میں صرف بادل رہیں گے، جبکہ دو روز کے وقفے کے بعد دو اپریل سے دوبارہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو گا، جو ان علاقوں کو دوبارہ متاثر کرے گا اور یہ صورتحال چار اپریل تک جاری رہ سکتی ہے۔
اس سوال پر کہ کیا یہ بارشیں غیرمعمولی ہیں یا معمول کا حصہ؟ اُن کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو سے تین برس میں مارچ اور اپریل میں اس قسم کی بارشیں نہیں ہوئیں، لیکن یہ غیرمعمولی نہیں ہیں، کیونکہ ہر برس مغربی ہواؤں کے اثر سے اس موسم میں بارشیں معمول کے مطابق ہوتی ہیں۔
