Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں، خیبر پختونخوا میں نو افراد ہلاک، 47 زخمی

بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور دوسرے واقعات میں نو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 47 زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد سمیت ملک کے کئی حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
پیر کی صبح پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 25 مارچ سے شروع ہونے والا سلسلہ برقرار ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے ہلاک ہونے والوں میں آٹھ بچے اور ایک خاتون شامل ہے جبکہ زخمیوں میں بھی 21 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے مجموعی طور پر چھ گھروں کو نقصان پہنچا اور یہ واقعوات بنوں اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں پیش آئے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ متاثرہ مقامات پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ادارے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صوبے کے مختلف حصوں کے علاوہ ملک کے کئی دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ منگل کے روز تک جاری رہے گا جس کے شدید ہونے کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، چکوال، جہلم، منگلا، گوجر خان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی طرح کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، راولا کوٹ، پتن، چلاس گوپس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چند مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات موجود ہیں جبکہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔
بیان میں عوامی حلقوں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ خود کو موسم کی صورت حال سے باخبر رکھیں۔
بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں اتوار کو ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوا جبکہ آج بھی وہاں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبہ سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہاں کے بعض مقامات پر بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی بھی کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام سےاپیل کی جاتی ہے کے وہ بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹس اور ایڈوائزریز پر نظر رکھیں اور ان پر عمل بھی کریں۔
ترجمان کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی عوام کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اور موسمی صورت حال جاننے کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: