سعودی شہریوں کے نام پر کاروبار، ایک ماہ میں 71 مشتبہ کیسز کی تحقیقات
جمعرات 2 اپریل 2026 18:28
انسداد تجارتی پردہ پوشی کی ٹیموں نے 2611 تفتیشی دورے کیے۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کے قومی پروگرام برائے انسداد تجارتی پردہ پوشی کی ٹیموں نے گزشتہ ماہ مملکت کے مختلف ریجنز اور شہروں میں 2611 تفتیشی دورے کیے۔
اخبار 24 کے مطابق اس کا مقصد سعودی شہریوں کے نام پر غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔
قومی پروگرام کی ٹیموں نے مختلف تجارتی مارکیٹوں کے دورے کیے، جن میں سرفہرست قیمتی دھات اور نگینے، ڈرائی فروٹس اور پنساری کی دکانیں، بیکریز اینڈ سوئٹس، مصالے، پرفیومز فروخت کرنے والے تجارتی مراکز شامل تھے۔
تفتیشی دوروں میں 71 مشکوک کیسز سامنے آئے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کے مالکان غیرملکی ہیں، جبکہ فرنٹ پر سعودی شہریوں کا نام استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کیسز کی باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
قومی پروگرام برائے انسداد تجارتی پردہ پوشی کا کہنا تھا ’سعودی شہریوں کے ناموں پر کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمی غیرقانونی عمل ہے، جس کی سزا 5 برس قید اور 50 لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔ برآمد ہونے والی رقم بھی بحق سرکار ضبط کرلی جاتی ہے۔‘
واضح رہے مملکت کے تجارتی قانون کے مطابق ایسے غیرملکی جو سعودی عرب میں کاروبار کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے سرمایہ کاری کا قانون موجود ہے جس کے ذریعے وہ اپنے نام سے قانونی طور پر کاروبار کرسکتے ہیں۔
