Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جگہ جگہ شفاف تالاب اور دلکش مناظر، الباحہ کی وادیِ ضرک میں بہار کی آمد

وادی کے سحر انگیز نظارے سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں،( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کی کمشنری المندق میں واقع وادی ضرک میں حالیہ بارشوں کے بعد موسمِ بہار کے دلکش رنگ نکھر آئے ہیں جو سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔
یہ وادی غیر معمولی قدرتی تنوع کی عکاسی کرتی ہے اور چٹانوں کے درمیان سے بہنے والا پانی اس کے قدرتی حسن کا دلکش نظارہ پیش کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وادی کے سحر انگیز نظارے ان دنوں سیاحوں اور فطرت کے شوقین افراد کے لیے باعث کشش ہیں جہاں آکر تھکے ذہن تازہ ہو جاتے ہیں۔
وادی کے سبزہ زار، جنگلی پودے اور قدیم درخت اس مقام کو نہایت پُرسکون اور دلکش بنا دیتے ہیں۔

بارشوں کے بعد وادی میں پانی تیزی سے بہہ رہا ہے اور جگہ جگہ شفاف تالاب بن گئے ہیں، جو موسمِ بہار کے دلکش اور خوشگوار ماحول کو اجاگر کرتے ہیں۔ درختوں اور بہتے پانی کا حسین امتزاج اس مقام کو سیر و تفریح کے لیے انتہائی دلکش بنا دیتا ہے۔
یہ علاقہ اپنے نباتاتی تنوع کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔ بعض جگہوں پر پانی کے اوپر قدرتی سبز راستے بن جاتے ہیں، جو سیاحتی تجربے کو مزید خوبصورت بنا دیتے ہیں اور فطرت و مہم جوئی کے شوقین افراد کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔

وادیِ ضرک، المندق کمشنری کے قدرتی حسن اور وسائل کی بھرپور نمائندگی کرتی ہے۔ یہاں کی وادیاں، پہاڑی ڈھلوانیں اور متنوع نباتات اس علاقے کو ایک اہم ماحولیاتی سیاحتی مرکز بنا دیتے ہیں، خصوصاً موسمِ بہار میں جب سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔

 

شیئر: