الباحہ میں بارش اور ژالہ باری، شہری خوبصورت موسم سے لطف اندوز
الباحہ ریجن میں بارش اور ژالہ باری کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے خوشگوار موسم نے سیاحوں کے لیے کشش بڑھا دی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بارش نے جہاں اس علاقے میں بعض مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا کی، وہیں موسم بہار جیسا خوشگوار ماحول بھی پیدا کر دیا ہے۔
بارش کے بعد الباحہ ریجن کے متنوع علاقوں کی خوبصورتی نکھر کر سامنے آئی ہے۔ ژالہ باری نے علاقے، گھروں اور گاڑیوں کو سفید چادر سے ڈھانپ دیا۔
جگہ جگہ آبشاریں بہہ رہی ہی اور پہاڑی علاقوں اور میدانوں میں پودوں اور سبزے کی افزائش ہو رہی ہے۔

ان خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پہاڑی تفریحی مقامات کی طرف جانے لگے ہیں، جہاں فطرت کے حسین مناظر ہر طرف پھیلے ہوئے ہیں۔

یاد رہے الباحہ ریجن کے ترقیاتی منصوبوں سے علاقے کے مختلف شعبوں میں غیرمعمولی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ یہاں سیاحت کے علاوہ زرعی شعبوں میں بھی تیز رفتار ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔
الباحہ ریجن مملکت کا اہم زرعی علاقہ ہونے کے ساتھ منفرد سیاحتی مقام اور پائیدار ترقی کی ایک مثال ہے۔
