افغانستان میں بارشوں سے 61 افراد ہلاک، 116 زخمی
افغانستان میں اکثر تباہ کن سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفان آتے رہتے ہیں۔ (فوٹو: سی ٹی جی این)
افغانستان میں حالیہ بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 61 افراد ہلاک اور 116 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
افغانستان میں طالبان حکومت کے ذبیح اللہ مجاہد نے سنیچر کو ایکس پر لکھا کہ چار افراد لاپتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے زیادہ تر ہلاکتیں ملک کے جنوبی اور مغربی صوبوں میں ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدید بارشوں اور اس سے جڑے قدرتی آفات کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، جس کے باعث 2,448 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے جبکہ افغانستان کے 34 میں سے 25 صوبوں میں 26,841 ایکڑ زرعی زمین بہہ گئی۔
افغانستان کے محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور خاص طور پر دور دراز اور کمزور علاقوں میں سیلاب کے خطرات میں اضافے سے خبردار کیا ہے۔
خیا رہے رواں سال کے آغاز میں جنوری میں برف باری اور شدید بارش سے افغانستان میں 60 زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور یہ اسی سال شدید طوفان اور بارشوں کی دوسری لہر ہے۔
افغانستان میں اکثر تباہ کن سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفان آتے رہتے ہیں اور بالخصوص ان علاقوں میں جہاں بنیادی شہری ڈھانچہ کمزور ہے۔
دہائیوں کی جنگ کے بعد دنیا کے سب سے غریب ممالک میں سے ایک ہونے کی وجہ سے افغانستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید ترین متاثر ہو رہا ہے اور سائنس دانوں کے نزدیک اس کی بنیادی وجہ موسموں کی شدت ہے
