اسحاق ڈار کی بحرین کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو، خطے کی صورتحال پر گفتگو
دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔(فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنیچر کو بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
پاکستان کے دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کےمطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا اور مکالمے و سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور چین کے پانچ نکاتی اقدام پر روشنی ڈالی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ الزیانی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جانب سے مکالمے اور سفارتکاری کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں جانب سے کثیرالجہتی کوششوں، بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقدامات، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بحرین نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
