غزہ: 29 ہزار تازہ کھانے، ایک ہزار 196 فوڈ باسکٹس تقسیم، نیا سعودی امدادی قافلہ پہنچ گیا
فوڈ باسکٹس سے7 ہزار 176 ضرورت مند خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے بدھ 15 اپریل کو فلسطینی عوام کے لیے امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر شاہ سلمان مرکز کے ذریعے ایک نیا قافلہ غزہ بھیجا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امدادی قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس شامل ہیں۔ 29 ہزار گرم گھانے کے پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے خان یونس کے علاقے میں ایک ہزار 196 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں، جس سے7 ہزار 176 ضرورت مند خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔
یہ امداد سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کی جانب سے غزہ کی پٹی میں متاثرہ افراد اور ضرورت مندوں کو مختلف شعبوں میں امدادی اور انسانی کوششوں کی توسیع ہے۔
سعودی سینٹر فارکلچر اینڈ ہیریٹج، جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، کی فیلڈ ٹیمیں امداد کے تقسیم کے عمل میں تعاون کررہی ہیں، ایک منظم طریقہ کار کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں ترجیح دی جائے۔

یاد رہے 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔
اب تک 83 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے ہزاروں ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی۔

اس میں خوراک، طبی سامان، آلات اور شیلٹر شامل ہیں۔ سیکڑوں امدادی ٹرک خوراک اور طبی امداد لے کرغزہ پہنچے۔ اس کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسں فراہم کی ہیں۔
سعودی امدادی ایجنسی نے غزہ کی پٹی میں امدادی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 90.35 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔
